ملک کے شمالی علاقوں میں موسلادھار بارشیں اور خطرناک موسمی حالات متوقع!
مغربی ہواؤں کے مون سون ہواؤں سے ملاپ کے زیرِ اثر موسلادھار بارشوں کا طاقتور سلسلہ 26 جولائی سے 31 جولائی کے دوران ملک کے شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اس دوران شمالی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت کے زیادہ تر علاقوں میں 30-80 ملی میٹر جبکہ چند ایک مقامات پر 80-160 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔ ان موسلادھار بارشوں کے سبب پہاڑوں سے سیلابی ریلے، ندی نالوں میں تغیانی اور شہری و دیہاتی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ موجود ہے۔ طاقتور تھنڈرسٹورم کے سبب اس دوران 80-120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔
پنجاب کی پیشگوئی:
ان تاریخوں میں سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شمالی علاقوں میں متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، گجرات، چکوال، منڈی بہاوالدین، جہلم، سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح میں 80-150 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔ لاہور، گجرانوالہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، جوہر آباد، کندیاں، میانوالی اور گردونواح میں 30-80 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔
وسطی پنجاب کے علاقوں میں اس سسٹم کے اثرات شمالی پنجاب کے مقابلے کم ہوں گے، اس دوران فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ساہیوال، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرا اور گردونواح میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ درمیانی سے تیز بارشیں متوقع ہیں، بارش کی مقدار ان علاقوں میں بارش کی مقدار 15-40 ملی میٹر کے درمیان متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں میں بھی اس دوران چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی متوقع ہے۔ ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، فورٹ منرو، وہاڑی، بورے والا، میلسی، حاصل پور، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں میں اچھے امکانات روشن ہیں۔ ملتان، احمد پور، خان پور اور صدق آباد میں اس دوران معمولی امکانات ہیں۔
خیبرپختونخوا کا موسم:
ان تاریخوں میں خیبرپختونخوا کے شمالی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار سع شدید بارشیں متوقع ہیں۔ پشاور، مردان، کوہاٹ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، ہریپور اور گردونواح میں 80-140 ملی میٹر یا زائد بارشوں کی امید ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانگ، لکی مروت اور گردونواح میں بھی اس دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔ وادی چترال کے بلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری بھی متوقع ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور راستے بلاک ہوجانے کے خطرے کے سبب عوام اس دوران شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کرے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان کا موسم:
کشمیر کے جنوبی و وسطی علاقوں میں اس دوران شدید بارشیں متوقع ہے، ان علاقوں میں بارش کی مقدار 150-200 ملی میٹر یا زائد ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ مظفر آباد، نیلم، باغ، کوٹلی، بھمبر، راولاکوٹ اور گردونواح شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہوں گے، اس دوران عوام ان علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کرے۔ ہنزہ، غذر، سکردو، استور اور گلگت کے انتہائی بلند پہاڑی سلسلوں پر ہلکی برف باری کی امید ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور راستے بلاک ہوجانے کے خطرے کے سبب عوام اس دوران شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کرے۔
بلوچستان کا موسم:
بلوچستان کے تمام علاقوں میں موسم اس دوران گرم اور خشک رہے گا، گوادر سے کویٹہ تک گرمی روپ جمائے گی البتہ کیرتھر کے پہاڑوں پر لوکل گرج چمک کے بادل اور تھنڈرسٹورم بن سکتے ہیں۔
سندھ کا موسم:
سندھ کے تمام علاقوں میں اس دوران موسم گرم اور خشک رہے گا 27 سے 29 اگست کے دوران شمالی سندھ اور مشرقی سندھ کے کچھ علاقوں بلخصوص تھرپارکر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی امید ہے۔ اس پورے ہفتے سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موسم ابرآلود رہے گا، آسمان پر گہرے سمندری بادل چھائے رہیں گے جن سے صبح اوع رات کے اوقات میں بوندا باندی متوقع ہے ساتھ ہی ٹھنڈی سمندری ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔